ملتان (وطن نیوز) — جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان اور بہاولپور میں سموگ خطرناک حد تک پہنچ گئی۔ جمعرات کی صبح ملتان کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 374 اور بہاولپور کا 350 ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد دونوں شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو گئے۔
ملتان ایئرپورٹ پر صبح ساڑھے 9 بجے حدِ نگاہ صرف 900 میٹر رہ گئی جبکہ موسم دھواں آلود رہا۔ دوپہر تک فضا میں کچھ بہتری آئی اور ملتان کا اے کیو آئی 176 جبکہ بہاولپور کا 227 ریکارڈ کیا گیا، تاہم دونوں شہروں کی فضا اب بھی صحت کے لیے مضر ہے۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ نومبر اور دسمبر میں ملک بھر میں سموگ میں اضافہ ہوگا جس سے لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور سمیت کئی شہر متاثر ہوں گے۔ جنوبی پنجاب میں بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، لیہ، بھکر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی سموگ کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پیر 2 نومبر کو ملتان کا اے کیو آئی 280 اور بہاولپور کا 180 تھا، یعنی تین روز میں دونوں شہروں کی فضائی آلودگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ: رضوان چوہدری





























