لاہور (وطن نیوز) — لاہور میں فضائی آلودگی ایک بار پھر خطرناک حد کو پہنچ گئی۔ پیر کی صبح شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 535 ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا۔
آئی کیو ایئر کے مطابق پیر کی صبح 8 بجے لاہور میں باریک ذرات (پی ایم 2.5) کی مقدار 343 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک پہنچ گئی۔ پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحول نے بھی ان اعداد و شمار کی تصدیق کی ہے۔
لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہر بھی شدید متاثر ہیں۔ گوجرانوالہ میں اے کیو آئی 606، فیصل آباد اور ملتان میں 310 جبکہ سیالکوٹ میں 260 ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اکتوبر کے آخری ہفتے میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں تیزی آئی اور سیٹلائٹ مشاہدے میں پنجاب بھر میں 13,241 مقامات پر آگ کے شعلے دیکھے گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی لاہور کا اے کیو آئی 419 تک پہنچا تھا۔
رپورٹ: رضوان چوہدری




























